بنگلورو،20؍جون(ایس او نیوز)ریاستی وزیر برائے بنیادی وثانوی تعلیم ایس سریش کمار نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست بھر میں پی یو سی سال دوم کا بقیہ اور آخری امتحان بغیر کسی رکاوٹ و پریشانی کے کامیابی سے تکمیل کو پہنچا۔پی یو سی سال دوم کے انگریزی امتحان کے کامیاب انعقاد سے جون 25/ سے شروع ہورہے ایس ایس ایل سی امتحانات کے لئے یہ باعث ترغیب ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کامیابی کے پیچھے طلباء وطالبات اور ان کے باہمت والدین اور سرپرستوں کا ہاتھ ہے۔اگر وہ ہمت نہیں کرتے اور بچوں کو امتحان کے لئے راغب نہیں کرتے تو ہمارے لئے مشکلات پیش آتیں۔امتحان کے لئے مکمل تیاریاں کی گئی تھیں،کنٹین منٹ زون سے آنے والے 223/ طلباء کے لئے علاحدہ کمروں میں امتحان لکھنے کا نظم کیا گیا۔ دھارواڑ سے 162، رام نگر سے ایک،وجئے پور سے 4، داونگیرے سے13، میسور سے 5، منڈیاسے 2، اڈپی 9،ٹمکور سے 5، شیموگہ سے کنٹین منٹ زون سے 15/ طلباء امتحان میں شریک رہے۔جسم کا درجہئ حرارت زیادہ ہونے،نزلہ زکام، کھانسی بخار سمیت دیگر ناساز طبیعت کی علامات ظاہر ہونے کے باوجود 20/ طلباء کو علاحدہ کمروں میں امتحان لکھنے کا موقع دیا گیا۔امتحانی مراکز کے باہرکمرہ اور سیٹ نمبر پر مشتمل تفصیلات نوٹس بورڈ پر چسپاں کی گئی تھیں۔نوٹس بورڈ کے سامنے طلباء کی بھیڑ دیکھی گئی، جہاں سماجی فاصلے کا کوئی پاس ولحاظ دیکھا نہیں گیا۔ تمام طلباء اپنی نشست نمبر معلوم کرنے میں مگن تھے۔یہ غلطی ایس ایس ایل سی امتحانات کے موقع پر دہرائی نہیں جائے گی۔ امتحانی مراکز کے نگراں کاروں کو اس سلسلہ میں ایک نوٹس جاری کی جائے گی۔ کمرہ امتحان کی تلاش کے وقت طلباء کے مابین دھکا پیل ہونے کا قوی امکان رہتا ہے۔اس بھیڑ بھاڑ سے طلباء کو بچانے کے مقصد سے ایس ایس ایل سی طلباء کے والدین کے موبائل نمبروں پر امتحانی مراکز اور کمرہ ئ امتحان کے نمبرات ایس ایم ایس کے ذریعہ روانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پی یو سی سال دوم انگریزی پرچہ کا امتحان 18/ جولائی کو ہوا اور آج19/ جولائی کو ریاست بھر کی 20/ اضلاع میں سوالیہ پرچوں کی جانچ کارروائی انجام دی گئی۔ سریش کمار نے کہا کہ جولائی کے پہلے ہفتہ میں پی یو سی سال دوم کے نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔